معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے حالیہ دنوں ایک پوڈکاسٹ کے دوران ایسا انکشاف کیا جس نے شوبز کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ انہوں نے پہلی بار کھل کر اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی ہے، لیکن اس بات پر بھی زور دیا کہ فیصل کی طلاق کی وجہ وہ نہیں تھے۔
خلیل الرحمان قمر نے یہ چونکا دینے والی بات صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ شو میں کہی۔ دورانِ گفتگو، ارشاد بھٹی نے خلیل الرحمان قمر سے سوال کیا کہ ان کے مقبول ڈرامہ میرے پاس تم ہو میں دکھائی گئی کہانی کیا ان کی ذاتی زندگی سے متاثر تھی؟ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامے میں ایک عورت اپنے شوہر کو چھوڑ کر دوسرے مرد کے پاس چلی جاتی ہے، اور حقیقت میں بھی فیصل قریشی کی اہلیہ نے انہیں چھوڑ کر آپ سے شادی کی۔
اس سوال پر خلیل الرحمان قمر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تم ہو ان کی ذاتی زندگی سے متاثر نہیں تھا، لیکن ڈرامے کے نشر ہونے کے دوران ایسی قیاس آرائیاں ضرور کی گئیں۔
انہوں نے فیصل قریشی کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہی فیصل کو شوبز کی دنیا میں متعارف کروایا تھا۔ خلیل نے فیصل کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار اداکار ہیں اور ان کے آڈیشن نے انہیں حیران کر دیا تھا۔
خلیل الرحمان قمر نے واضح کیا کہ انہوں نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی ہے، لیکن فیصل اور ان کی پہلی بیوی کی طلاق کی وجہ وہ نہیں تھے۔
فیصل اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق ہونی ہی تھی، اور میں نے خود فیصل اور ان کی والدہ کو اس معاملے پر سمجھانے کی بہت کوشش کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل کی سابقہ اہلیہ سے ان کی شادی سے پہلے صرف دو ملاقاتیں ہوئی تھیں اور وہ انہیں “بیٹا” کہہ کر بلاتےتھے۔ خلیل نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی اپنی شادی کے حوالے سے مکمل تفصیلات شیئر کریں گے۔
خلیل الرحمان قمر کے ان انکشافات نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ صارفین اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں اور اس کہانی کے مزید پہلو جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔
یہ انکشاف نہ صرف ڈرامہ انڈسٹری بلکہ شائقین کے لیے بھی ایک بڑا دھچکہ ثابت ہوا ہے، اور دیکھنا یہ ہے کہ خلیل الرحمان قمر مزید کیا حقائق سامنے لاتے ہیں۔