برازیل سے ماحولیاتی معاہدہ نہ کیا جائے۔لیونارڈو اور کیٹی پیری کا امریکا سے مطالبہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیٹی پیری کا امریکا سے ماحولیات پر معاہدہ نہ کرنے کا مطالبہ
لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیٹی پیری کا امریکا سے ماحولیات پر معاہدہ نہ کرنے کا مطالبہ

نیویارک: لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیٹی پیری سمیت درجنوں امریکی اور برازیلی فنکاروں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ دیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ برازیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا ماحولیاتی معاہدہ نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو، پاپ گلوکارہ کیٹی پیری اور موسیقار گلبرٹو گل سمیت درجنوں فنکاروں نے امریکی صدر کیلئے ایک خط جاری کیا ہے جس میں برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کے ساتھ کسی بھی ماحولیاتی معاہدے پر رضامندی ظاہر نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

قبل ازیں رواں برس فروری سے امریکا اور برازیل کے مابین گفت و شنید جاری ہے تاکہ ایمازون رین فاریسٹ میں بڑھتی ہوئی تباہی کو روکا جاسکے جبکہ برازیلی وزیرِ ماحولیات کہہ چکے ہیں کہ رواں ہفتے جو بائیڈن کی عالمی یومِ زمین کے موقعے پر ماحولیاتی سمٹ سے قبل کسی معاہدے پر دستخط کا امکان نہیں۔

 جو بائیڈن کو تحریر کیے گئے خط میں فنکاروں نے مطالبہ کیا کہ ماحولیاتی سمٹ پر توجہ دیں اور برازیل سے کم از کم اس وقت کوئی معاہدہ نہ کریں۔ خط پر دستخط کرنے والوں میں مارک رفالو، روساریو ڈواسن، اوزو اڈوبا، جین فونڈا، ایلک بیلڈون اور اورلینڈو بلوم کے علاوہ موسیقار کیٹانو ویلوسو اور فلپ گلاس بھی شامل ہیں۔

تمام فنکاروں کا کہنا ہے کہ جب تک جنگلات کا قتلِ عام کم نہ ہوجائے، انسانی حقوق کی عزت و احترام نہ ہو اور معاشرے کی طرف سے پر معنی شراکت نہ ہو، امریکی حکومت برازیل سے کوئی بھی ماحولیاتی معاہدہ نہ کرے۔ برازیلی ریاست اور مقامی حکومتوں سے ایمازون سے متعلق مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کیے جائیں۔

سرکاری ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ برازیل میں ایمازون کے علاقے میں 2020ء تک مسلسل 12 سال درخت کاٹے گئے جس سے نیویارک شہر سے 14 گنا زائد علاقہ تباہ ہوگیا جس سے ماحولیاتی تباہی پھیلی اور جنگلات اگائے جانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ برازیلی حکومت جنگلات کو تباہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس کراچی میں پان کی پیک تھوکنے والوں سے پریشان، ویڈیو وائرل کردی

Related Posts