کراچی کے مختلف مقامات پر شیعہ برادری نے مچھ میں مزدوروں کے اندوہناک قتل کےمسئلے پر دھرنا دے رکھا ہے جس کے باعث ٹریفک کی صورتحال بد ترین ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش، سی او ڈی، ملیر 15، کامران چورنگی اور شاہراہِ فیصل پر دھرنے کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہے۔ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ موٹر سائیکل سواروں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شہرِ قائد کے علاقے عباس ٹاؤن، ناتھا خان، ، قائد آباد، پورٹ قاسم، انڈس ہائی وے، اسٹیل موڑ، میمن گوٹھ، ملیر کینٹ، داؤد چورنگی، کھوکھرا پاراور نیپا چورنگی سمیت کل 18 مقامات پر دھرنا دیا جارہا ہے۔ مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے۔
مظاہرین مچھ کوئلہ فیلڈ کے جاں بحق افراد کیلئے انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں دھرنے میں شریک ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ حکومت دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔
قبل ازیں اتوار کے روز 3 جنوری کو صوبہ بلوچستان کے ضلع بولان میں مچھ کوئلہ فیلڈ کے مزدوروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
واقعے میں دہشت گردوں نے مچھ کوئلہ فیلڈ کے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کان کنوں کو قریبی پہاڑیوں میں لے گئے اور ان پر فائرنگ کردی۔ مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل مچھ میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف ہزارہ برادر ی کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنا گزشتہ روز بھی دیا گیا تھا، شہر میں مختلف شاہراہوں پر احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام رہا، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء بھی دھرنے میں پہنچ گئے۔
سانحہ مچھ کے خلاف کراچی میں 6 مقامات پر بیک وقت دھرنے ہوئے۔ جن مقامات پر دھرنے دیئے گئے ان میں عباس ٹاؤن، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کامران چورنگی، گلستان جوہر، پاور ہاؤس، نارتھ کراچی، نمائش چورنگی،ایم اے جناح روڈ، ملیر 15،نیشنل ہائی وے اوریونیورسٹی روڈ شامل تھے۔
مزید پڑھیں: مچھ سانحے پرکراچی کے 6مقامات پر دھرنا، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ