کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز تعلیمی اداروں میں منشیات کے سدِ باب کیلئے کوشاں ہے جبکہ نوجوان نسل قوم کا اثاثہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل حق، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئیر رائے عاصم مصطفیٰ اور دیگر نے ڈی جی رینجرز کو خوش آمدید کہا۔
پاکستان ہمارے اجداد کی بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، ڈی جی رینجرز سندھ
یونیورسٹی کے دورے کے موقعے پر طلبہ و اساتذہ سے اپنے خطاب میں ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ ملک کی ترقی کا دارومدار ثقافتی، معاشی اور معاشرتی رویوں کے فروغ پر ہے۔ یہ وطن ہم نے بڑی قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا۔ درست معاشرتی روئیے اور اقدار اس کی سلامتی وترقی ہیں۔
خطاب کے دوران میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل بالخصوص طلبہ و طالبات قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان نسل تیزی سے تبدیل ہوتے ٹیکنالوجی کے عوامل اور معلوماتی دور کے اعتبار سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں۔
میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ پاکستان رینجرز تعلیمی اداروں میں منشیات کے سدِ باب کیلئے مستقل کوشاں ہے۔ اس ضمن میں عوام سے بھی اسی تعاون کے حصول کے خواہاں ہیں۔ اس موقعے پر وائس چانلسر صفہ یونیورسٹی، انتظامیہ اور طلبہ نے قیامِ امن میں رینجرز کی کاوشوں کی تعریف کی۔