نئی دہلی: مشہور و معروف بھارتی ٹی وی سیریل یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے؟ کی اداکارہ دیویا بھٹناگر کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر انتقال کر گئی ہیں، ان کی عمر 34 سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ معروف بھارتی اداکارہ دیویا بھٹناگر گزشتہ 7 روز سے کورونا وائرس میں مبتلا تھیں جن کی طبیعت بگڑ گئی تو انہیں ہسپتال منتقل ہونے کے بعد وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا۔
بھارتی اداکارہ کو کورونا کے ساتھ ساتھ نمونیا کی بھی شکایت رہی، جنہیں گزشتہ ماہ 26 نومبر کے روز ہسپتال میں داخل ہونا پڑا جس سے قبل دیویا بھٹناگر تیرا یار ہوں میں نامی کامیڈی شو کی شوٹنگ میں مصروف رہیں۔
ان کی ساتھی اداکارائیں دیوولینا اور شلپا شرودھکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے اپنے پیغامات میں دیویا بھٹناگر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دیوولینا بھٹاچرجی نے انسٹا گرام پوسٹ میں کہا کہ جب کوئی کسی کے ساتھ نہیں ہوتا تھا تو بس تم ہی ہوتی تھی۔ دیویا تم میری اپنی تھی جسے میں ڈانٹ سکتی تھی۔ روٹھ سکتی تھی اور دل کی بات کہہ سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ درد ناقابلِ برداشت ہے اور میں جانتی ہوں کہ زندگی دیویا بھٹناگر کیلئے مشکل ہوگئی تھی۔ مجھے امید ہے کہ تم آج تمام غموں، درد، دکھ اور دھوکے سے آزاد دوسری دنیا میں ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سابق جج ارشد ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے