اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں متوقع اضافہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہی سرکار عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم گرانے جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما ء شیری رحمن نے کہاکہ تباہی سرکار کابینہ اجلاس میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف مطالبے پر عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا جا رہا۔
کابینہ اجلاسوں میں صرف اپوزیشن کو نشانا بنانے اور قیمتوں میں اضافے کے فیصلے ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ نااہل حکمران پہلے ہی کہہ چکے دسمبر میں گیس نہیں ہوگی۔
گیس بجلی کی فراہمی کے بجائے قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکومت کے پاس مہنگائی کا کوئی حل نہیں، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خوراک کی افراط زر 12.4 سے 15.8 فیصد اضافہ ہوا ہے، ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح 8.85 فیصد سے بڑھ کر 9.4 فیصد رہی،عوام مہنگائی سرکار کے خلاف جلد سڑکوں پر ہوگی۔