کراچی: چیئرمین پی ایس پی اور این اے 249سے پی ایس پی کے امیدوار سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کو کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچپسی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ سے میرے دور نظامت میں دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والا شہر کراچی آج دنیا کے چار بدترین رہائشی شہروں میں شامل ہوچکا ہے۔ کراچی کے مسائل کا حل صرف پی ایس پی کے پاس ہے کیونکہ کراچی آخری دفعہ ہمارے ہاتھوں سے بنا تھا نہ اسے پہلے کبھی بنا نہ اس کے بعد بنا ہے۔
وزیراعظم کے چودہ ایم این ایز ان کو کراچی کے مسائل اور انکا حل نہیں بتا سکتے جو مصطفی کمال اکیلا سمجھا سکتا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی ان عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی جو موجودہ حکمران انتخابی مہم میں حل کرنے کے وعدے کر کے بھول بیٹھے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ یوسی24 مارکیٹ، یوسی 30 میں مختلف برادریوں سے ملاقاتوں اور شجاعت کالونی UC35 میں منقعدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوام نے ضمنی انتخابات حلقہ این اے 249 میں بھرپور تعان کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا پاک سر زمین پارٹی کی جانب میں این اے 249 میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے جسے زبردست عوامی پزیرائی حاصل ہورہی ہے، اس سلسلے میں مختلف برادریوں، تاجر انجمنوں، علاقہ عمائدین سے ملاقاتوں کے علاوہ پارٹی قیادت و کارکنان کی جانب سے گھر گھر جا کر لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وائس چیئرمین شبیر احمد قائم خانی،وائس چیئرمینز سیدحفیظ الدین، ڈاکٹر ارشد وہرا، رکن نیشنل کونسل و ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر ہمایوں عثمان راجپوت نے یوسی،32،36،34 کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف برادریوں کے معززین سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر ان کے ساتھ لیبر فیڈریشن کے جوائنٹ انچارج وسیم احمد، ممبر جہانزیب خان، ندیم الرحمان اور مختلف ڈویژن کے کارکنان سمیت ڈسٹرکٹ کیماڑی کے عہدیداران بلال مروت، امان شاہ جدون بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں تمام عمائدین علاقہ نے سید مصطفی کمال کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انکی جانب سے بطور امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کو خوش آئند قرار دیا۔