واشنگٹن:امریکا میں صدارتی الیکشن کے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے نئی دہلی سے پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق مسلم فار بائیڈن پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ ورچوئل فنڈ ریزنگ کے شرکا سے بات چیت کے دوران جو بائیڈن نے کشمیر میں بھارتی اقدامات کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔
امریکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسلی امتیاز کا اعتراف کرتے ہوئے جو بائیڈن نے یقین دلایا کہ ان کی انتظامیہ میں مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی ملے گی۔
اس دوران انہوں نے برائی کو روکنے سے متعلق حضور سرور کائنات رحمت اللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حدیث سنائی اور اسلام سے متعلق گہری معلومات کا اظہار کیا۔
اس فنڈ ریزنگ میں جو بائیڈن کی مہم کے لیے 13لاکھ امریکی ڈالر اکٹھے کیے گئے، جو بائیڈن نے انتخابی مہم میں حصہ ڈالنے والے ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔