راولپنڈی: سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی غذایت سے بھرپور سوپ کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا، ”پنڈی وال سوپ“ کی دکان پر سوپ کے چاہنے والوں کا رش بڑھ گیا۔
”پنڈی وال سوپ“کے مالک علی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ ہم اپنی ثقافت سے دور ہوتے جا رہے ہیں اس لیے ہم نے سوپ کو مٹی کی ہنڈیا میں ڈال کر فروخت کرنا شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو عام ہوٹلوں یا دیگر جگہوں پر سوپ ملتا ہے وہ چائنیز ہوتا ہے ہم دیسی چکن کارن سوپ بناتے ہیں،سوپ بنانے میں ہمیں پانچ گھنٹے درکار ہوتے ہیں، اس کے بعد سوپ تیار ہوجاتا ہے۔
”پنڈی وال سوپ“کے مالک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی روایات کو مرنے نہیں دیں گے، اس موقع پر یہاں موجود سوپ پینے والے شہریوں نے بھی اپنی رائے کا اظہا کیا۔
سوپ خریدنے کے لئے آئے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم نے جب دیکھا کہ سوپ ہنڈیا میں ڈال کر دیا جاتا ہے تو ہمارے سوپ پینے کی چاہ اور زیادہ بڑھ گئی، مٹی کے برتن میں دیا جانے والا سوپ واقعی بہت مزے دار ہوتا ہے۔
سوپ کی انڈے والی بڑی ہنڈیا صرف 80 روپے اور بغیر انڈے والی ہنڈیا 60روپے کی دستیاب ہوتی ہے، اس مہنگائی کے دور میں یہ سوپ مزیدار اور سستا ہے،اسی لئے شہریوں کی جانب سے اس کی مانگ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔