مقدمات کا التوا

مقبول خبریں

کالمز

zia
امریکا کا یومِ قیامت طیارہ حرکت میں آگیا۔ دنیا پر خوف طاری
Firestorm in the Middle East: Global Stakes on Exploding Frontlines
مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل: عالمی امن کیلئے خطرہ
zia-2
آٹا 5560 روپے کا ایک کلو!

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تاریخ پر تاریخ، سماعت پر سماعت، بد قسمتی سے پاکستان میں عدالتیں محض سماعتوں میں توسیع اور نئی تاریخیں جاری کر کے انصاف میں تاخیر کرنے کے لیے مشہور ہیں، جس کے نتیجے میں مقدمات مہینوں اور سالوں لٹکے رہتے ہیں اور لوگوں کا عدالتی نظام پر سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ایک حالیہ ریمارکس میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ اب سماعت کے لیے مزید مہلت مانگنے کے رجحان کو برداشت نہیں کرے گی۔ ایک کیس کی سماعت کے دوران فاضل چیف جسٹس نے دستاویزات پیش نہ کرنے پر وکیل کی سرزنش کی اور کہا کہ وہ اس بہانے سے التوا طلب کرنا بھول جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں اکثر دستاویزات کی کمی کی وجہ سے مقدمات کو ملتوی کر دیتی ہیں لیکن یہ عدالت عظمیٰ میں اب نہیں چلے گا۔

عدالت عظمیٰ کو التوا کا شکار کیسز کے پہاڑ جیسے بوجھ کا سامنا ہے۔ سابق چیف جسٹس نے جاتے سمے کہا تھا کہ گزشتہ عدالتی سال کے دوران ریکارڈ مقدمات نمٹائے گئے لیکن اس کے باوجود مقدمات کا بار اپنی جگہ موجود ہے اور ان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ مہینے کی ایک رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ میں 56,544 مقدمات زیر التوا ہیں، جو آزادی کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

جسٹس فائز عیسیٰ نے 16 ستمبر کو اپنے منصب کا حلف اٹھایا اور فرائض منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ہی ہفتے میں زیر التوا مقدمات کا بیک لاگ دور کرنے کے لیے کیس مینجمنٹ پر ججوں کی ایک کمیٹی تشکیل دی۔ ساتھ ہی رجسٹرار کو تمام زیر التوا مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔ انہوں نے وکلا برادری سے بھی ملاقات کی تاکہ عدالت کی نئی پالیسی پر ان سے بات چیت کی جاسکے۔

سپریم کورٹ پر مقدمات کے اس بھاری بھرکم بوجھ کی ایک بڑی وجہ سیاسی مقدمات کو ترجیح ملنا بتائی جاتی ہے۔ پچھلے سال کئی سیاسی معاملات دیکھنے میں آئے، جن میں سے ایک نمایاں معاملہ انتخابات کے انعقاد کا کیس تھا، جس میں سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کے درمیان ٹکراؤ کی کیفیت بھی پیدا ہوئی۔ اس کیس نے بھی عدالت کا بہت زیادہ وقت لیا، چنانچہ ماہرین کا خیال ہے کہ “عدالتی سیاست” نے مقدمات نمٹانے کی عدالتی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے، تاہم نئے چیف جسٹس کے آنے سے صورتحال تبدیل ہوتی نظر آتی ہے، جو خوش آئند امر ہے۔

Related Posts