اسلام آباد: خواجہ آصف کی زیرِ قیادت وزارتِ دفاع نے سپریم کورٹ میں صوبوں اور قومی اسمبلی کا الیکشن ایک ساتھ کرانے کی درخواست دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں وزارتِ دفاع نے استدعا کی ہے کہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کا حکم واپس لیا جائے۔ سندھ اور بلوچستان میں اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے پر الیکشن کا حکم دیا جائے۔
شہباز شریف کی ایک بار پھر ثاقب نثار پر شدید تنقید
وزارتِ دفاع نے سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر سپریم کورٹ سے 5 اپریل کا فیصلہ واپس لینے کی بھی استدعا کی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 8اکتوبر سے پہلے الیکشن نہ کرائے جائیں۔
الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر 8اکتوبر سے قبل الیکشن کرائے گئے تو انارکی اور افراتفری پھیلے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اور فنڈز کا مسئلہ ہے، 14مئی کو الیکشن نہیں کراسکتے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا کام صرف الیکشن کرانا نہیں بلکہ صاف و شفاف الیکشن کرانا ہے۔ یقینی بنانا ہے کہ ووٹر بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ 8اکتوبر کی تاریخ زمینی حقائق مدِ نظر رکھتے ہوئے دی تھی۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کیلئے پونے 4 لاکھ سے زائد اہلکاروں کی کمی ہے۔ ملک بھر میں ایک ہی وقت انتخابات سے خرچہ بھی کم ہوگا۔