لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 6کے بقیہ میچز کو یو اے ای منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے، یاد رہے کہ اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔
جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ابھی کراچی میں میں منعقد ہونے والے میچ ہی جاری تھے کہ چار مارچ کو ٹورنامنٹ میں شامل متعدد کھلاڑیوں اور عملے کے اراکین کورونا مثبت آنے کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس اہم پیش رفت کا پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے ورچوئل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کے لیے امارات کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔ لیگ کے لیے مجوزہ تاریخوں میں اسٹیڈیمز اورہوٹلز کی دستیابی کے بارے میں درخواست کی ہے۔ لیگ کے میچز کے لیے دبئی اور ابو ظہبی کے مقامات زیر غور آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میں سے دستیاب جگہ پر پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کرائے جائیں گے۔ فرنچائز اور پی سی بی کے اجلاس میں لیگ کے لاجسٹک معاملات پر غور کیا گیا۔ فرنچائز نے لیگ بروقت کروانے کے مشکل فیصلے میں بورڈ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔