اسلام آباد:ایوان صدر کے ملازمین کیلئے زبردست خوشخبری ہے کہ انہیں کورونا اور رمضان پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گریڈ1 تا 20 کے ملازمین کو 1ماہ کی تنخواہ بطور اعزاز یہ دی جائیگی۔
ملازمین کو رمضان وکورونا پیکج دینے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایوان صدر کے بیشتر چھوٹے ملازمین کم تنخواہ دار ہیں، چھوٹے ملازمین گھر چلانے کیلئے پارٹ ٹائم نوکریاں بھی کرتے ہیں۔
پیش کی گئی سمری کے مطابق لاک ڈاؤن نے چھوٹے ملازمین کی زندگیوں کو زیادہ متاثر کیا ہے اور کٹھن حالات میں انہیں خصوصی پیکج دیا جارہا ہے۔
سمری میں کہا گیا کہ ایوان صدر کے ملازمین کو ہر سال خصوصی رمضان پیکج دیا جاتا ہے تاہم امسال رمضان پیکج کے ساتھ کورونا ریلیف پیکج بھی دیا جارہا ہے۔مذکورہ بالا فیصلے کے بعد ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔