اسلام آباد: شہر اقتدار اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد فوج کی تعیناتی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
چیف کمشنر آفس کی جانب سے وزارت داخلہ کو وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی ختم کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد میں 10 مئی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
مراسلے کے مطابق شہر اقتدار میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج تعینات کی گئی تھی، تاہم اب اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔
پنجاب حکومت نے بھی فوجی دستوں کو واپس بھیجنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا، پنجاب کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوجی دستوں کو فوری واپس بلایا جائے،فوجی دستے 9 مئی کے واقعات کے بعد تعینات کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی، ڈکیت گروہ کے 2اہم کارندے گرفتار
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آرٹیکل 245 کا اطلاق 10 مئی کو ہوا تھا،اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کے پیش نظر فوج کو طلب کیا گیا تھا۔