بنگلادیش کی عبوری حکومت کے مشیر برائے قانون، انصاف اور پارلیمانی امور آصف نذیرل نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو قتل، تشدد اور لاپتا کرنے کے جرم میں شیخ حسینہ واجد سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت کے مشیر آصف نذر نے مزید کہا کہ انٹرپول سے شیخ حسینہ واجد اور دیگر کے ریڈ وارنٹ جاری کروائیں گے۔
بنگلادیشی عبوری حکومت کے مشیر نے مزید کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ یہ مفرور فاشسٹ دنیا میں کہیں بھی چھپے ہوئے ہیں، انہیں واپس لایا کر عدالت کے کٹہرے کھڑا کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں آصف نذیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں دائر بے بنیاد مقدمے کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے اور ملک کی ساکھ کو داغدار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مشیر برائے قانون اور انصاف نے مزید کہا کہ کوئی بھی اس طرح کے الزامات لگا سکتا ہے۔ ہم ان کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 30 اکتوبر کو فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں بنگلادیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس نے یہ بھی کہا تھا کہ فی الحال ان کی حکومت بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں طلبا کے طویل احتجاج کے بعد شیخ حسینہ واجد اپنی 15 سالہ حکومت کو چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں اور فوج نے ملک میں ایک عبوری حکومت قائم کی تھی۔