کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ملبے سے ملنے والا قیمتی سامان سول انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز کی نگرانی میں بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے منہدم دونوں عمارتوں کا ملبہ ہٹادیا گیا۔تمام ملبہ بھاری مشینری کی مدد سے اٹھا کر ڈمپرز میں لوڈ کر کے آبادی سے دور منتقل کیا گیا۔
پاکستان رینجرز(سندھ)کی جانب سے کراچی کے علاقے لیاری میں بلڈنگ حادثے کے بعد بلڈنگ کے ملبے سے ملنے والے تمام سامان کو جائے وقوعہ پر سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔
سندھ رینجرزکے ترجمان کے مطابق جائے حادثہ سے بر آمد شدہ سامان میں نقدی ، موبائل فونز، الیکٹرانک آئٹمز، گولڈ اور آرٹیفیشل جیولری، مختلف اقسام کی گھریلواشیاء، ہینڈ بیگز، لیڈیز اور جینٹس پرس اور دیگرقیمتی اشیاء شامل ہیں۔
ملبے کے نیچے سے بر آمد شدہ سامان میں 16لاکھ6 ہزار810روپے کیش جبکہ 327 پرائزبانڈز جن کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 67ہزار ہے، شامل ہیں۔ حادثے میں 2عمارتوں کے ملبے میں دب کر مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔