بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل ٹینکر دھماکے میں زخمی مزید 5 افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
نوشکی میں28 اپریل کو آئل ٹینکر دھماکے میں مجموعی طور پر 70 افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے جس میں سے شدید زخمیوں کو عالج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
امدادی تنظیم ایدھی کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے 24 افراد کو 29 اپریل کو ایدھی ائیر ایمبولینس کے ذریعے علاج و معالجے کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
ایدھی کے مطابق یکم مئی کو گلشن اقبال کے نجی اسپتال میں زیر علاج 2 افراد طیب شاہ اور جہانزیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔
جمعہ کو 4 افراد اسٹڈیم روڈ کے نجی اسپتال اور ایک شخص گلشن اقبال کے نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تور گئے۔
کراچی لائے جانے والے 24 میں سے 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 16 افراد کراچی کے نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
جاں بحق افراد میں 18 سالہ سلمان ولد اختر ، 17 سالہ وزیر احمد ولد نذیر احمد ، 26 سالہ در محمد ولد فیض محمد ، 25 سالہ عبدالباسط ولد محمد رفیق اور 28 سالہ مصطفیٰ ولد آغا محمد شامل ہیں۔