کوئٹہ: بلوچستان کے شہر مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 59 ہوگئی ہے جبکہ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق مستونگ میں خودکش دھماکہ جمعہ کے روز ہوا۔ ترجمان سول اسپتال کوئٹہ وسیم بیگ کے مطابق مستونگ دھماکے کے مزید 7 زخمی دم توڑ گئے، 6 اموات سول اسپتال اور ایک زخمی بی بولان میڈیکل کمپلیکس میں جان کی بازی ہار گیا۔
اے این ایف کی کارروائی، پیاز کی جھلیوں میں چھپائی گئی منشیات پکڑلی
ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ کا کہنا ہے کہ 7 مزید اموات کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔ 52 اموات نواب غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ میں ہوئیں جبکہ آئی سی یو میں موجود 4 زخمیوں میں سے 2 کی حالت زیادہ تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستونگ میں خودکش دھماکے کے 7 شدید زخمی اب بھی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، 3 شدید زخمیوں سمیت 18 زخمی سی ایم ایچ منتقل کیے گئے، 17 زخمیوں کو غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
دھماکے کے 25 زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مستونگ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج ہوچکا ہے جس میں قتل، اقدامِ قتل، ایکسپلوسو ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات شامل کر لی گئیں۔
واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں مستونگ خودکش حملے کے خلاف 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے، سوگ کا اعلان حکومت بلوچستان نے گزشتہ روز کیا۔ دھماکے میں ہونے والی شہادتوں کے باعث مستونگ کی فضا سوگوار ہے۔