واشنگٹن:امریکی شہریوں کی اکثریت سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے حق میں نظر آرہی ہے، امریکی شہری صدر ٹرمپ کی جانب سے کئے جانے والے سخت اقدامات کے حق میں نہیں ہیں اور اس حوالے سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
امریکی ٹی وی کے مطابق یہ بات رائٹرز ایپسوس سروے میں سامنے آئی۔امریکا میں مظاہرے ریاست منی سوٹا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک کیے جانے کے خلاف جاری ہیں، جو اس وقت شدت اختیار کرچکے ہیں۔
اس حوالے سے سروے کیا گیا جس کے مطابق 64فیصد بالغ امریکی مظاہرین کے حق میں ہیں۔ 27فیصد مخالف ہیں جبکہ 9فیصد کی اس بارے میں کوئی رائے نہیں۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ 55فیصد سے زائد امریکیوں کے نزدیک مظاہرین سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ کے اقدامات درست نہیں۔
صرف ایک تہائی افراد نے ان اقدامات کو درست قرار دیا ہے۔ ملک میں صرف39 فیصد افراد سمجھتے ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنے منصب کا درست استعمال کر رہے ہیں۔جبکہ باقی کی رائے اس کے برعکس ہے۔
ایک اور سروے کے مطابق صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن کی مقبولیت میں ریکارڈ دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آزاد ووٹرز کی بھی دو گنا تعداد ٹرمپ کی حامی نہیں رہے اور ان کی مخالفت میں روز بروز اضافہ جارہا ہے۔