ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے افغانیوں کو واپس بھیجنے کی حکمت عملی سامنے آگئی۔
پلاننگ کے مطابق ملک میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو بسوں اور خصوصی ٹرین سے ان کے وطن بھیجا جائے گا۔
غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد یکم نومبر سے غیر ملکیوں کو ملک بدری کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو پہلے 3 دن بسوں، پھر خصوصی ٹرین سے بھیجا جائے گا۔
غزہ میں دو محاذوں پر زمینی لڑائی جاری، اسرائیلی فوج کی خطرناک حکمت عملی سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق نان اسٹاپ ٹرین غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو لے کر براستہ روہڑی چمن بارڈر پہنچے گی، خصوصی ٹرین میں سخت سکیورٹی اور جیل طرز کے انتظامات ہوں گے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹرین شام کو روانہ ہوگی، دن میں بلوچستان کا سفر کیا جائے گا، پہلے 3 دن 10 بسوں پر یومیہ 500 افغان باشندے چمن بھیجے جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سخت سکیورٹی میں افغانیوں کو لے جانے والی بسوں کا پہلا اسٹاپ جیکب آباد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرحراست غیر ملکیوں کو جیکب آباد کے ہولڈنگ سینٹر میں قیام کرایا جائے گا جبکہ چوتھے روز خصوصی ٹرین سے روانگی کیلئے ریلوے نے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹرین سے روز 800 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو ان کے وطن بھیجا جائے گا۔