لاڑکانہ کے ڈینٹل کالج سے لڑکی کی لاش برآمد ہونے پر طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ جاں بحق لڑکی کے بھائی نے قتل کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے قاتلوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
لاڑکانہ کے آصفہ ڈینٹل کالج کے گرلز ہاسٹل سے گزشتہ رات نمرتا چندانی نامی لڑکی کی لاش برآمد ہوئی جو بی ڈی ایس کر رہی تھی۔ کلاس فیلو کی لاش ملنے پر طالبات نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مرحومہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کے سرکاری ہسپتال سے 5 دن کی بچی پراسرار طور پر اغوا کر لی گئی
علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوائی گئی ہے۔ موت کی وجہ معلوم ہونے کے بعد ہی لڑکی کی موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔دوسری جانب ڈی آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ لڑکی کے بھائی ڈاکٹر وشال کے مطابق ان کی بہن کو قتل کیا گیا ہے۔
نمرتا چندانی کے بھائی ڈاکٹر وشال نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ نمرتا چندانی بی ڈی ایس کے فائنل ائیر میں تھی اور ڈینٹل سرجن بن کر قوم کی خدمت کرنا چاہتی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گلبرگ ٹاؤن کراچی میں اسنوکر کلب میں معمولی تلخ کلامی کی وجہ سے کمسن لڑکے پر اس کے دوست راجو اور ساتھیوں نے مل کر شدید تشدد کیا جس سے وہ موقعے پر جاں بحق ہوگیا۔
گلبرگ کے بلاک 12 میں رہنے والے13 سالہ شاہ زیب کے گھر کے قریب ہی اسنوکر کلب ہے جہاں ٹوکن پہلے ڈالنے کے معاملے پر اس کے دوست راجو سے شدید جھگڑا ہوا۔ جھگڑا بڑھ جانے پر راجو نے اپنے دوستوں کو مارپیٹ کے لیے بلا لیا جنہوں نے اس پر جان لیوا تشدد کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کمسن لڑکا اسنوکر کلب میں دوستوں کے شدید تشدد کے بعد جاں بحق