کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی قیادت میں پی آئی اے حادثے میں شہادت پانے والوں کی میتوں کی شناخت اور ورثاء کے حوالے کر نے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میتوں کی شناخت اور لواحقین کو میتوں کی حوالگی کیلئے کمشنر کراچی نے اصول و ضوابط جاری کر دئیے ہیں تاکہ میت کی صحیح شناخت ہو سکے اور ورثاء کو شہداء کی میتیں مل سکیں۔
دریں اثناء کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ایدھی اور چھیپا مراکز کادورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ورثا کو اپنے پیاروں کی میتوں کے حصول میں کوئی تکلیف نہ ہو اور انھیں ہر ممکن سہولت دی جائے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ ایدھی مرکز اور نرسری پر واقع چھیپا سینٹر کے مردہ خانوں میں شناخت کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق میتوں کی شناخت اور حوالے کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکار تعینات کیا گیا ہے۔
متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا کہ وہ انتظامات کی نگرانی کریں جبکہ انتظامیہ کی مدد کر نے اور قانونی تقاضے پورے کر نے کیلئے سینئر پولیس آفیسر اور میڈیکولیگل آفیسر بھی متعین کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعین افسران اور عملے کی حاضری کے لئے حاضری رجسٹر استعمال کیا جائے گا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ باڈی کی شناخت ہونے کے بعد ورثا کو میت وصول کرنے کیلئے اطلاع دے۔
ڈی این اے ٹیسٹ سے تصدیق ہونے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ باڈی کی شناخت پولیس اور ایم ایل او کریں گے۔ضرورت ہو تو ایدھی اور چھیپاسے مدد لی جاے گی۔
میتوں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے اور حوالے کرنے سے قبل میت کو غسل دیا جائے گا اور میت کو قومی پرچم میں لپیٹا جائے گا۔ پولیس اعزاز کے ساتھ ہر میت کو ورثا کے حوالہ کرے گی۔