اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) میں کمپیوٹر سسٹم کے ایک حصے کو سائبر حملے سے نشانہ بنایا گیا اور اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں ہزاروں سرکاری ملازمین کی ادائیگیوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
نجی چینل سما نیوز کے مطابقNBP کے صدر عارف عثمانی نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیکرز نیشنل بینک کے مین سرورز تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے، حالانکہ انہوں نے مائیکروسافٹ کے سافٹ ویئر چلانے والے کچھ کمپیوٹرز کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔
نیشنل بینک کے صدر نے واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سائبر حملہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیا گیا۔جبکہ NBP نے حالیہ مہینوں میں اپنی سائبر سیکیورٹی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔
سائبر حملے نے پورے ملک میں نیشنل بینک کی سروسز کو متاثر کیا، جس سے یہ خدشہ پیدا ہوا کہ پبلک سیکٹر کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں: فیس بک نے اپنی کمپنی کا نام تبدیل کرکے ”میٹا“ رکھ دیا