سکھر: جیکب آباد کے قریب کسٹمز حکام نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے مالیت کی پانچ ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد کر لی ہے۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان گرفتار جبکہ ایک ٹرک کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
کسٹمز سکھر کے اسسٹنٹ کلیکٹر عرفان منگی کی قیادت میں انسپکٹر اشفاق احمد شیخ اور انسپکٹر شاہ محمد اور دیگر عملے نے جیکب آباد کے قریب لکھمیر بروہی گاؤں کے مقام پر کوئٹہ سے پنجاب جانے والے ایک ہینو ٹرک نمبر TKX085 کو روک کر تلاشی کے دوران سیبوں کے کریٹوں میں چھپائی گئی چھالیہ کی بڑی مقدار برآمد کرلی۔
اسسٹنٹ کلیکٹر عرفان منگی کے مطابق دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جن کی شناخت حمید اللہ اور عبدالقدوس کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اے سی عرفان منگی نے رابطے پر بتایا کہ ٹرک سے پانچ ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔ دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق کوئٹہ سے ہے جن کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمارا عملہ مستعدی سے کام کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی خاتون وکیل ندا عثمان نے ویانا جسٹیشیا ایوارڈ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا