سی ٹی ڈی نے کراچی میں لیاری گینگ وار کے دوران شہریوں کو اغواء اور قتل کرکے لاشیں ندی نالوں میں پھینکنے والے عزیر گروپ کے شوٹر اور رحمان ڈکیت کے داماد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں کارروائی کرتے ہوئے شہریار عرف شریل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران قتل کی درجنوں ورداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق ملزم نے پاک کالونی تھانے میں تعینات پولیس کانستیبل فاروق کو ساتھیوں کے ہمراہ شہید کردیا۔ 2014 میں عزیر بلوچ کے کہنے پر مسافر بسوں سے 10مہاجر لڑکوں کواتار کر ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا۔
یوسف سبزی والے کو ساجد کے کہنے پر ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا۔ یعقوب اور عمران عرف گولا اور پرویز کے بیٹے کو ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا۔ عابد عرف قبرستان کو ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ2014 میں عزیر بلوچ کے کہنے پر دو لڑکوں کو ساتھیوں کے ہمراہ قتل کرکے لاشیں ندی میں پھینک دیں۔ انور کوجک کے بھائی پٹھان کو ساجد کے ساتھ مل کر قتل کیا اور لاش ندی میں پھینک دی۔
ٹھیکیدار جاوید کے مزدوروں کو ساتھیوں کے ہمراہ سر میں گولی مار کر قتل کیا۔ 2021 میں گولو گھاس والے کو ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا۔ ملزم پرانا گولیمار اور لیاری سے بھتہ وصول کرتا تھا۔
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق ملزم کا ریکارڈ تھانوں سے چیک کرایا تو ملزم کے انکشافات سے مطابقت رکھتا ہے۔ مزید کارروائی کیلئے دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطرناک گروہ کے مطلوب ملزمان اسلام آباد پولیس کی حراست سے فرار