سری لنکا کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈ سنتھ جے سوریا نے اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا اور افطار کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
بدھ مت کے پیروکار جے سوریا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انکشاف کیا کہ وہ اسکول کے زمانے سے ہر سال رمضان میں ایک دن روزہ رکھتے آ رہے ہیں تاکہ اس مقدس مہینے کی روح کو اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ محسوس کر سکیں۔ وہ کئی سالوں سے اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (پہلے ٹوئٹر) پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ آج میں نے اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا، یہ ایک چھوٹی سی روایت ہے جو میں نے اسکول کے زمانے سے رمضان میں برقرار رکھی ہوئی ہے۔
دنیا بھر کے مداحوں نے جے سوریا کے اس عمل کو سراہتے ہوئے اسے اتحاد اور رواداری کی علامت قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ زبردست، سنتھ! یہ حیرت انگیز ہے کہ آپ نے اپنے دوستوں کے ساتھ اس خوبصورت روایت کو زندہ رکھا ہے۔
رمضان غور و فکر اور یکجہتی کا وقت ہوتا ہے۔ میں بطور سنہالی، جو ایک مسلم گاؤں میں پلا بڑھا، ان دنوں کی یاد کو ہمیشہ عزیز رکھوں گا۔
سنتھ جے سوریا نے 1989 سے 2011 تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔ وہ اپنی جارحانہ بلے بازی اور بائیں ہاتھ کے اسپن بولنگ کے لیے مشہور ہیں۔ وہ سری لنکن قومی ٹیم کے کپتان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔