اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کے ذاتی اقدامات کی وجہ سے ان کی جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے تعلقات میں پڑنے والی دراڑیں نمایاں ہو چکی ہیں۔
ایک انٹرویومیں فردوس عاشق اعوان نے انہیں پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکے جانے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا واضح عندیہ دیتا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات اب خراب ہوتے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی سابق معاون خصوصی نے کہا کہ کچھ دن قبل میں نے مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر کے بیٹے کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی سہولت فراہم کی اور پھر انہوں نے پی پی-38 کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔
اگر کوئی پرویز الٰہی کی پارٹی چھوڑ دیتا ہے، کسی دوسرے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ کر منتخب ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی ذاتی حرکتوں کی وجہ سے دونوں اتحادی جماعتوں کے تعلقات میں دراڑیں پڑتی نظر آ رہی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسی کئی مثالیں ہیں، صحافیوں سے متعلق ایک بل حال ہی میں پیش کیا گیا اور ایک پرائیویٹ ممبرز ڈے پر منظور کیا گیا جس کے بعد صحافیوں نے احتجاج کیا۔
میں نے بعد میں آواز اٹھائی کہ یہ حکومت کا نہیں بلکہ ایک پرائیویٹ ممبر کا بل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک پیغام بھیجا گیا کہ حکومت ان کی رضامندی سے قانون سازی کرنے کی پابند نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر کے طور پر تقرر کے بارے میں بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم اور سیف اللہ نیازی نے انہیں صوبے میں ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں جانے پر قائل کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ساری لیگی قیادت نے نواز شریف کو ”سیاسی بیمار“بنا رکھا ہے‘ فیاض الحسن چوہان