راولپنڈی:تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں قصائی شہریوں کی جانوں سے کھیلنے لگے، مضر صحت بدبودار جانوروں کا گوشت فروخت کے لیے دکانوں پر لایا جارہا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ انسپکٹر موقع پر پہنچ گئے، اس موقع پر 9ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
تھانہ بیرونی صدر کے علاقے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ انسپکٹر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 25 من مضر صحت بدبودار گوشت ضبط کرلیا اور 9 ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دیدی۔
ملزمان گوشت کی گاڑی اور رکشوں میں مضر صحت گوشت بھرکے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے جارہے تھے، محکمہ صحت اور پولیس نے گرجا روڈ پر مشترکہ ناکہ بندی کر کے مضر صحت گوشت سے بھری سوزوکی پک اپ اور تین رکشوں کو روک کر چیک کیا تو پڑتال کرنے پر گوشت بدبو دار اور مردار جانوروں کا پایا گیا۔
اس موقع پر مضر صحت گوشت کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،گرفتار ملزمان میں محمد یونس، عمران خان، اشتیاق، ذکراللہ، اسحاق خان، فضل ربی، امجد روف، زہیب اور محمد فاروق شامل ہیں۔
پولیس کی ملزمان سے تفتیش جاری ہے، پولیس کے مطابق ساتھیوں اور سہولت کاروں کا پتہ لگا کر گرفتار کیا جائے گا، محکمہ صحت کے ڈسٹرکٹ انسپکٹر کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے مردہ ضمیر افراد کو قانون کے کٹہرے کھڑا کیا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔