اسلام آباد: پاکستان میں مقیم غیر ملکی شہری بھی کورونا ویکسین سے مستفید ہوسکیں گے جس کے متعلق حکومت نے نیا سرکولر جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے نیا سرکولر جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھی ویکسین لگائی جائے جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے غیر ملکی شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل بھی آج سے شروع کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایت پر پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی ہیلتھ کیئر ورکرز اور 60 سال سے زائد العمر غیر ملکی افراد کو ویکسین لگانے کی سہولت حاصل ہوگی۔
ڈی ایچ او اسلام آباد نے کہا کہ غیر ملکیوں کو کورونا وائرس کی حفاظتی ویکسین کا منیؤل ریکارڈ رکھا جائے جو چند روز تک نادرا کے ریکارڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ غیر ملکیوں کی ویکسین رجسٹریشن نادرا کے ذریعے کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے 10 لاکھ افراد نے ویکسین لگوا لی جس کی تصدیق وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اب تک 10 لاکھ افراد کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز 76 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی۔
مزید پڑھیں: 10 لاکھ سے زائد افراد نے کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین لگوا لی