اسلام آباد: وفاقی حکام نے پاکستان کیلئے کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ کی فراہمی مؤخر کردی ہے جبکہ یہ فیصلہ پہلے سے موجود خوراکوں کی دستیابی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکام نے صوبوں اور اسلام آباد کیلئے کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ کی فراہمی مؤخر کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور صوبوں کو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے کورونا ویکسین کی 1 لاکھ 90 ہزار خوراکیں 2 ہفتے قبل دی گئیں۔
وفاقی حکام نے کہا کہ کل رات تک ملک بھر میں صرف 60 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو سائنو فارم ویکسین لگی۔ صوبوں کے پاس اب بھی 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں موجود ہیں جبکہ ملک بھر میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کل تعداد 4 لاکھ 92 ہزار سے زائد ہے۔
حکام کے بیان کے مطابق اب تک 4 لاکھ 92 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں سے صرف 1 لاکھ ہیلتھ ورکرز نے خود کو کورونا ویکسینیشن کیلئے رجسٹر کروایا۔ سندھ کو دی گئی 83 ہزار خوراکوں میں سے اب تک صرف 35 ہزار خوراکیں استعمال ہوئیں جبکہ پنجاب کو 70 ہزار خوراکیں دی گئی تھیں۔
بیان کے مطابق پنجاب کو دی گئی 70 ہزار خوراکوں میں سے 20 ہزار سے زائد استعمال ہوئیں۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے 1 لاکھ 90 ہزار خوراکوں کی دوسری کھیپ اور پاک فوج کی عطیہ کی گئی 2 لاکھ خوراکیں بھی موجود ہیں۔ ویکسین بہت قیمتی ہے، جب تک سب کو پہلی خوراک نہیں لگتی، دوسری جاری نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے 5 لاکھ 67 ہزار پاکستانی شہری متاثر، 12 ہزار 488 جاں بحق