اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے 61 ہزار 227افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 260ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 2 ہزار 76نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 61ہزار227ہو گئی۔
کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک5 لاکھ8 ہزار 86 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد8ہزار687ہے۔
ہر گزرتے روز کے ساتھ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے22ہزار37، سندھ میں 24ہزار 206، خیبرپختونخواہ میں 8ہزار 483، بلوچستان میں3 ہزار616، آزاد کشمیر میں 219، گلگت بلتستان میں651جبکہ اسلام آباد میں 2 ہزار 15 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر39ہزار 736فعال کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ20ہزار 231 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں ہوئیں۔ کے پی کے میں 425 افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ پنجاب میں381 افراد جاں بحق ہوئے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے باعث380، گلگت بلتستان میں 9، اسلام آباد میں19 جبکہ بلوچستان میں 41 افراد جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں57لاکھ 92ہزار افراد متاثر جبکہ 3لاکھ 57ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر57 لاکھ92 ہزار264 افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے13فیصد (3لاکھ57ہزار467) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 57 ہزارافراد ہلاک