ہمسایہ ملک بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز 50 لاکھ سے تجاوز کر گئے جبکہ 82 ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 50 لاکھ 20 ہزار 359 ہے جبکہ اب تک وائرس کے باعث 82 ہزار 91 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارت میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد یکم جون کو 1 لاکھ 98 ہزار370 تھی جبکہ وائرس پھیلنے کی رفتار میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی آتی چلی گئی۔
رواں ماہ 4 ستمبر کو بھارت میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی جو آج صرف 12 روز بعد 50 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
کورونا وائرس کے روزانہ کیسز کی تعداد میں بھی حیرت انگیز اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اگست کے دوران روزانہ کیسز 50 ہزار سے زائد رہے جبکہ ستمبر کے دوران یہ تعداد 90 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی۔
ستمبر کے دوران 11 تاریخ کو 97 ہزار 654 کیسز ریکارڈ کیے گئے جو بھارت میں کورونا وائرس کی سب سےبلند تاریخی سطح قرار دی جاسکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 91 ہزار 120بھارتی شہری کورونا کا شکار ہوئے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کورونا کے باعث دنیا بھر میں 2 کروڑ 97 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس سے متاثرہ 9 لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر2 کروڑ 97 لاکھ 24 ہزار 918افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے 4 فیصد (9لاکھ39ہزار185) افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 2 کروڑ 97 لاکھ افراد متاثر