احتساب عدالت اسلام آباد نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر فردِ جرم ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی کرپشن ریفرنس کی سماعت کی گئی جس میں معزز جج اعظم خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں جبکہ ملزم آصف زرداری علالت اور کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث حاضری سے معذرت کرچکے ہیں۔
عدالت کے جج اعظم خان نے نیب کو حکم دیا کہ کیس کی سماعت کیلئے ویڈیو لنک قائم کرنے میں عدالت سے تعاون کرے۔ عدالت نے شریک ملزم اشفاق لغاری کو مفرور قرار دیتے ہوئے کیس کو ریفرنس سے الگ کردیا۔
بعد ازاں معزز جج نے سماعت 4 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری اور 14 دیگر ملزمان کو اگلی سماعت پر حاضری کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد نے فیصلہ کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر ٹھٹھہ واٹر سپلائی اسکیم ریفرنس میں 4 اگست کو فردِ جرم عائد کی جائے گی۔
اسلام آباد میں ٹھٹھہ واٹر سپلائی اسکیم ریفرنس کی سماعت گزشتہ روز ہوئی۔ دورانِ سماعت عدالت نے تمام نامزد ملزمان پر 4 اگست کو فردِ جرم عائد کرنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: سابق صدر آصف زرداری پر 4 اگست کو فردِ جرم عائد ہوگی