لاہور: عدالتِ عالیہ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے گرفتاری سے روکنے کی درخواست کی سماعت آج لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی استدعا مسترد کردی۔ آئی جی پنجاب سمیت حکام کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
پی ٹی آئی اسمبلی میں واپس گئی تو میں نہیں جاؤں گا۔شیخ رشید
ہائیکورٹ کے معزز جج جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی کی جانب سے دائر درخواست پر احکامات جاری کیے۔
راسخ الٰہی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس نے آپریشن کیا، عدالت حکام کو پرویز الٰہی کی گرفتاری سے باز رکھے تاہم عدالت نے استدعا نامنظور کردی۔
آئی جی پنجاب کے علاوہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے۔ عدالت نے حکام سے پرویز الٰہی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی۔