راولپنڈی: عدالت نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی عدالت نے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے رانا ثناء اللہ کے نئے وارنٹس گرفتاری بھی جاری کردئیے۔
رانا ثناء اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم رانا ثناء اللہ کو فوری گرفتار کرنے اور عدالتی حکم کی تعمیل کیلئے اسلام آباد روانہ ہوگئی ہے۔ وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کو کسی بھی وقت گرفتار کیاجاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے تھے۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے 2 روز قبل رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری کیے گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ کے وارنٹ گرفتاری سینئر سول جج غلام اکبر کی عدالت سے جاری ہوئے، یہ وارنٹ جعلسازی اور دھوکہ دہی کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف الزامات کے تحت جاری کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملک میں حالیہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا ہے، رواں برس سے اب تک دہشت گردی کے 514 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر وزارتِ داخلہ نے 3 روز قبل سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں وزیر داخلہ نے دہشتگردی کے واقعات میں مجموعی لحاظ سے اضافے کا اعتراف کیا۔