راولپنڈی کی انسدادِ منشیات عدالت نے منشیات کے 3 الگ الگ مقدمات میں نامزد 4 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 8 سال قید اور 95 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے تاہم 1 ملزم کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے ائیرپورٹ سے 2 کلو گرام چرس سعودی عرب اسمگل کرنے کے الزام میں نامزد سلیمان خان کو 2 سال قیدِ سخت اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 1 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
دوسرے مقدمے میں 2 کلو اور 500 گرام چرس برآمدگی کے مقدمے میں نامزد ملزم راحت شیر کو 1 سال 1 ماہ قیدِ سخت کے ساتھ ساتھ 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ اگر ملزم جرمانہ ادا نہ کرسکے تو مزید 1 ماہ کی قید بھگتنی پڑے گی۔
تیسرے مقدمے میں ائیرپورٹ سے بیرونِ ملک تقریباً 3 کلوگرام منشیات اسمگل کرنے کے مقدمے میں نامزد عاصم خان کو عدالت نے 2 سال 11 ماہ قیدِ سخت کی سزا سنائی اور 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ عدم ادائیگی پر مزید 1 ماہ کی قید ہوگی۔
چوتھے مقدمے میں 2 ہزار 400 گرام چرس برآمدگی کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد آصف کو 2 سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ عدم ادائیگی پر مزید 1 ماہ قید کی سزا ہوگی جبکہ اسی کیس میں شریک ملزم طاؤس خان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات کی اسمگلنگ ناکام ، 2ملزمان گرفتار، چرس برآمد