وزارتِ خزانہ کے مطابق ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث رواں مالی سال برآمدات بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق سیلاب کے باعث پھل، سبزیوں، تمباکو، سیمنٹ، لیدر اور لیدر مصنوعات کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ اہم پیداواری شعبوں کی پروڈکشن میں کمی کے باعث برآمدات میں کمی ہو سکتی ہے، رواں مالی سال گندم، دالیں، چینی، کنسٹرکشن مشینری اور ادویات کی درآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے۔
ملک میں برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کیلئے حکومتی سطح برآمدی شعبے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ یورپی یونین اور امریکا میں برآمدات کیلئے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جائے گی، جبکہ رواں مالی سال بجٹ کے دوران برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔