واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو چینی وائرس قرار دینے کی روش ترک کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وائرس امریکا کے لیے پرل ہاربر اور نائن الیون سے بد تر ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء نے امریکا کو 7 دسمبر 1941ء میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپان کی بمباری اور 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے جو نیو یارک اور واشنگٹن پر ہوئے۔
ایوانِ صدر (وائٹ ہاؤس) میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کا حملہ ہم پر اب تک کابدترین حملہ ہے۔ یہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پرل ہاربر سے بد تر ہے جبکہ پرل ہاربر پر ہونے والے حملے نے امریکا کو دوسری جنگِ عظیم میں دھکیل دیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایسا ہرگز نہ ہوتا اگر ہم وائرس کو اس کے آغاز پر ہی روک لیتے۔ اگر ہم وائرس کو چین میں ہی روک لیتے تو دنیا کے دیگر ممالک اور امریکا کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوسکتا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکا دنیا میں پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں وائرس سے اب تک 12 لاکھ 63 ہزار افراد متاثر جبکہ 74 ہزار 809 افراد ہلاک ہو گئے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اور کیسز ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث 30 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
کورونا وائرس سے برطانیہ میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 1 ہزار 101 افراد متاثر ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار 76 ہو گئی جس کے باعث دنیا بھر میں امریکا کے بعد برطانیہ دوسرا بڑا ملک گیا جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے برطانیہ میں 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک