کراچی : پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کی جانب سے پاکستان اور دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے 8 مئی بروز جمعہ کو ’روزہ اور دعا‘ کا دن منایا گیا۔
سینٹ پیٹرک کیتھڈرل میں خصوصی عبادت کا اہتما م کیا گیا جس کی قیادت آرچ بشپ کراچی کارڈینل جوزف کوٹس اور معاونت وکر جنرل ریورنڈ فادر صالح ڈائیگو، فادر جونی مینڈونسہ، فادر آشر لیاقت اور فادر عامر بھٹی نے کی۔
اپنے وعظ میں کارڈینل جوزف کوٹس نے کہا آ ج سے کئی سال پہلے بھی ایسی وباء نے ہم پر حملہ کیا تھا اور اب یہ ایک نئی وباء خدا کی طرف سے آزمائش ہے، ہمیں یہ نہیں سوچنا کہ خدا ہمیں ہلاک کرنا چاہتا ہے، خدا کبھی بھی ایسا نہیں کرے گا کیونکہ خدا نے ہمیں خلق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدا ہمیں یہ یاد دلانا چاہتا ہے کہ ہمیں مغرور نہیں ہونا ،ہمیں ہلاک کرنے کیلئے کوئی ایٹمی بم نہیں چاہئے، یہ چھوٹا سا وائرس کافی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہم اس سے بچ سکتے ہیں جو ہمیں ڈاکٹر ز نے بتائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے اور توبہ کرنی چاہیے، معافی کا سب اچھا طریقہ دعا اور روزہ ہے۔
مزید پڑھیں : کورونا وائرس نے 90 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو شکار بنالیا، 260نرسیں ہلاک