جنیوا: کورونا وائرس سے دنیا بھر میں95لاکھ 27 ہزار افراد متاثر جبکہ 4لاکھ 84ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر95 لاکھ 27 ہزار 124افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے 9 فیصد (4لاکھ84ہزار972) افراد ہلاک ہوئے۔
مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ58 ہزار 421 فراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد38لاکھ66ہزار747 ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے51لاکھ 75ہزار405افراد مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم اموات کی تعداد میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔
چین سے جنم لینے والا کورونا وائرس ایشیائی ممالک ایران، افغانستان، بھارت اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں پھیل گیا ہے۔
وائرس سے سب سے زیادہ امریکا، برازیل، روس، بھارت اور برطانیہ متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں اسپین چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
اسپین کے بعد پیرو، چلی اور اٹلی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں سے نکل کر ہزاروں میں پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی جس میں برطانیہ 42 ہزار 927 اموات کے ساتھ دنیا کا تیسرا بڑا ملک قرار دیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز عالمی رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی فہرست جاری کی جس میں امریکا 1 لاکھ 23 ہزار 473 اموات کے ساتھ پہلے، برازیل 52 ہزار 771 اموات کے ساتھ دوسرے جبکہ برطانیہ 42 ہزار 927 اموات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا سے متاثرہ ممالک میں برطانیہ تیسرا بڑا ملک قرار