جنیوا: کورونا وائرس سے دنیا بھر میں65لاکھ 68ہزار افراد متاثر جبکہ 3لاکھ 87ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر65 لاکھ 68 ہزار 644 افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے 11 فیصد (3لاکھ87ہزار959) افراد ہلاک ہوئے۔
مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ54 ہزار 200فراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد30 لاکھ11ہزار 421ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے31لاکھ69ہزار264فراد مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم اموات کی تعداد میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔
چین سے جنم لینے والا کورونا وائرس ایشیائی ممالک ایران، افغانستان، بھارت اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں پھیل گیا ہے۔
وائرس سے سب سے زیادہ امریکا، برازیل، روس، اسپین اور برطانیہ متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں اٹلی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
اٹلی کے بعد بھارت، جرمنی اور پیرو وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں سے نکل کر ہزاروں میں پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخواہ کے وزیرِ صحت و خزانہ تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کھلتا جارہا ہے لیکن کورونا وائرس ابھی کہیں گیا نہیں، وہ ہمارے ساتھ یہیں ہے اور رہے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ صحت و خزانہ تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف بہتر اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر سے کورونا گیا نہیں ہے۔تیمور خان جھگڑا