اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے 42 ہزار 125افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 903ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1 ہزار 974نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 42ہزار125ہو گئی۔
کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک3 لاکھ87ہزار335ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد13ہزار925ہے۔
ہر گزرتے روز کے ساتھ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے15ہزار346، سندھ میں 16ہزار 377، خیبرپختونخواہ میں 6 ہزار 61، بلوچستان میں2 ہزار692، آزاد کشمیر میں 112، گلگت بلتستان میں540جبکہ اسلام آباد میں 997کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر29ہزار 300فعال کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ11ہزار 922افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخواہ اور سندھ میں ہوئیں۔ کے پی کے میں 318افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سندھ میں277 افراد جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث260، گلگت بلتستان میں 4، اسلام آباد میں7 جبکہ بلوچستان میں 36افراد جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں48لاکھ 4ہزار افراد متاثر جبکہ 3لاکھ 16ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر48 لاکھ4 ہزار765افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے15فیصد (3لاکھ16ہزار711) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 16 ہزارافراد ہلاک