اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے 1 لاکھ 19 ہزار536 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 356 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 5 ہزار 834نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس کے باعث 101 مزید لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔
کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک7 لاکھ80ہزار 825ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد26ہزار573ہے۔
ہر گزرتے روز کے ساتھ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے45 ہزار463، سندھ میں 43ہزار 790، خیبرپختونخواہ میں 15ہزار 206، بلوچستان میں 7ہزار 335، آزاد کشمیر میں 488، گلگت بلتستان میں1 ہزار 18جبکہ اسلام آباد میں 6 ہزار 236کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر78ہزار 789فعال کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ38ہزار 391افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب اور سندھ میں ہوئیں۔ پنجاب میں 841افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سندھ میں 738افراد جاں بحق ہوئے۔
خیبر پختونخواہ میں کورونا وائرس کے باعث619،آزاد کشمیر میں 9، گلگت بلتستان میں 14، اسلام آباد میں62 جبکہ بلوچستان میں 73افراد جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کورونا وائرس کا شکار رہنماؤں کیلئے دُعاؤں میں مصروف ہوگئے جبکہ متعدد ن لیگی رہنما اب تک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال، ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب اور طاہرہ اورنگزیب، ڈاکٹر طارق فضل اور سلمان رفیق کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: خواجہ سعد رفیق کورونا کا شکار رہنماؤں کیلئے دُعاؤں میں مصروف