کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 مریض انتقال کر گئے جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد آج سب سے زیادہ ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا سے پہلی ہلاکت مارچ کے مہینے میں ہوئی جبکہ اب تک 299 مریض کورونا کے باعث انتقال کرچکے ہیں اور 135 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 34 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، دعا ہے اللہ انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کے 3 ہزار 803 ٹیسٹ کیے گئے جس سے 706 مثبت نکلے جبکہ اب تک 1 لاکھ 31 ہزار 376 ٹیسٹوں سے 17 ہزار 947 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 12 ہزار 907مریض زیرعلاج ہیں۔11 ہزار 373گھروں میں، 819 مراکز پر اور 715 اسپتالوں میں ہیں جبکہ آج 252 مزید مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔ اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 741 ہے۔
سیّد مراد علی شاہ نے کہا کہ 706 میں سے 558 نئے مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ ضلع جنوبی 134، شرقی 131 اور وسطی میں 105 نئے کیسز سامنے آئے۔ ضلع غربی میں 72 جبکہ ملیر اور کورنگی میں 58-58 مزید کیسز ظاہر ہوئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد 20، لاڑکانہ 16 اور قمبرشہدادکوٹ میں 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جام شورو میں 10، شکارپور اور سکھرمیں چھ چھ نئے کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ خیرپور میں 5،جیکب آباد 4 جبکہ میرپورخاص اور سانگھڑ میں تین تین مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ دادو، گھوٹکی، کشمور میں 2-2 جبکہ بدین، ٹنڈو الہیار، نوشہروفیروز میں ایک ایک کیس ظاہر ہوئے۔
تارکینِ وطن کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ 14، 15 اور 16 مئی کو واشنگٹن، مسقط اور جدہ سے فلائٹس آئیں جن میں 792 تارکین وطن کو واپس پاکستان لائے۔ 792 مسافروں میں 60 کورونا مثبت آئے جبکہ 17 مریضوں کا نتیجہ آنا باقی ہے۔