برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث برطانیہ دنیا بھر میں وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں 28 ہزار 734 افراد وائرس کا شکار ہو کر لقمۂ اجل بن گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عالمی رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے ایک فہرست جاری کی جس کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک امریکا ہے جہاں وائرس سے 69 ہزار 921 افراد ہلاک ہو گئے۔
ورلڈ انڈیکس کی جاری کردہ فہرست کے مطابق اموات کے اندیکس میں اٹلی دوسرے نمبر پر موجود ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث 29 ہزار 79 افراد لقمۂ اجل بنے جبکہ برطانیہ کورونا وائرس سے ہونے والی 28 ہزار 734 ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
فہرست کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس کے باعث 25 ہزار 428، فرانس میں 25 ہزار 201 جبکہ بیلجیئم میں 7 ہزار 924 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اموات کے اعتبار سے اسپین دنیا کا چوتھا، فرانس پانچواں جبکہ بیلجیئم چھٹا بڑا ملک بن گیا ہے۔
برازیل 7 ہزار 367 اموات کے ساتھ ساتویں، جرمنی 6ہزار 993 اموات کے ساتھ آٹھویں، ایران 6 ہزار 277 اموات کے ساتھ نویں جبکہ نیدرلینڈ 5 ہزار 82 اموات کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ فہرست میں چین گیارہویں، کینیڈا بارہویں، ترکی تیرہویں، سویڈن چودہویں جبکہ بھارت انیسویں نمبر پر موجود ہے۔
https://twitter.com/theworldindex/status/1257490995593306112
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں36لاکھ 45ہزار افراد متاثر جبکہ 2لاکھ 52ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 36لاکھ45ہزار539افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے17فیصد (2لاکھ52ہزار396) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 36 لاکھ 45 ہزار افراد متاثر ہو گئے