کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے بانی مائکرو سافٹ بل گیٹس اور اقوام متحدہ کے صدر کی جانب سے کورونا پر قابو پانے پر جس انداز میں وفاقی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے وہ قابل ستائش ہے۔
حکومتی اقدامات کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کے امیج میں اضافہ ہواہے،جنہوں نے پوری دنیا کے سامنے اس بات کو تسلیم کیا کہ کورونا جیسی وباپر قابو پانے کے لیے پاکستان جیسی مثال کہیں اور نہیں مل سکتی۔
کورونا پر قابوپاکر تحریک انصاف نے اگلی حکومت کا ٹکٹ بھی کٹا لیاہے، حنید لاکھانی نے کہا کہ یورپین ممالک کے مقابلے میں جس انداز میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے مل کر کورونا کی وباکا مقابلہ کیاہے ان اقدمات کو آج پوری دنیا کے لوگ سرارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے تمام اقدمات درست ثابت ہورہے ہیں، وفاقی حکومت کے اقدامات سے کورونا بھی کنٹرول ہوا اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سے بیروزگاری اور بھوک و افلاس سے جیسے بڑے مسئلے سے بآسانی نمٹ لیا گیا۔
حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو شدید متاثر کیا، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی آج پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وہی پالیسی اپنا رہے ہیں جو پاکستان نے اپنائی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کی ترقی اور بہتری کے لیئے اقدامات کر رہی ہے اور جیسے ہم نے کورونا پر کنٹرول کیا ہے اس ہی طرح بہت جلد مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل پر بھی کنٹرول کر لیں گے۔