کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملک بھر میں کورونا وائرس وفاقی حکومت کی وجہ سے پھیلا،کورونا وائرس پھیلانے کے لئے وفاقی حکومت ذمہ دار ہے۔ پی پی چیئرمین نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نہ صرف پھیلا گیا بلکہ زبردستی پھیلایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور کارکنوں نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے،لیکن وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، اس دوران جو فیصلے کیے اس کے ذریعے ہماری خودمختاری نہیں رہی،بلاول کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسپتالوں کے بھرنے کا ذمہ دار کسے ٹہراؤں؟، کسی کو تو ذمہ داری اٹھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بے وقوف بنارہی ہے اور عوام کو غلط معلومات دی جا رہی ہیں، عوام کو غلط معلومات دینے والوں کے خلاف ایف آئی ہونی چاہئے۔جب سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا ہے عوام کو صرف جھوٹی تسلیاں دی جارہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنا رویہ درست کرے، اس نے عوام کی صحت و زندگی کو خطرے میں ڈال دیا، وزیراعظم تاجروں اور کاروباری لوگوں سے ملتے ہیں لیکن ایک دفعہ بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے سے نہیں ملے۔جبکہ ڈاکٹرز کورونا وباء کے خلاف صف اول میں کھڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار مزدوروں کو فارغ کرنا انسانیت کے خلاف ہے، اس فیصلے کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، کروڑوں نوکریوں کے وعدے کئے مگر سب جھوٹے تھے۔ ٹڈی دل کے مسئلے پر سندھ کو لاوارث چھوڑدیا گیا۔