کراچی: سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 11 زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ وائرس سے متاثرہ مزید 990 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبہ سندھ میں کورونا کی صورتحال پر اپنے تازہ بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 587 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار 7 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 990 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو تشخیص کی شرح کا 5.8 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 6955 ہوگئی ہے جو اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 56 لاکھ 12 ہزار 605 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور 4 لاکھ 36 ہزار 957 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 587 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 648 ہو چکی ہے جو بحالی کی شرح کا 87.3 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 48 ہزار 354 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 47 ہزار 474 گھروں میں، 40 آئسولیشن سینٹرز میں اور 840 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 744 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 64 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 990 نئے کیسز میں سے 412 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی سے 205، ضلع وسطی سے 65، ملیر سے 54، ضلع جنوبی سے 38، ضلع غربی سے 26 اور کورنگی سے 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسی طرح حیدرآباد سے 179، گھوٹکی سے 36، ٹھٹھہ سے 31، مٹیاری سے 30، سجاول سے 27، نوشہروفیروز سے 26، بدین اور سانگھڑ سے 25-25، میرپورخاص سے 22، کشمور سے 21، تھرپارکر سے 18، خیرپور اور ٹنڈو محمد خان سے 15- 15، قمبر اور سکھر سے 14- 14، شکارپور اور عمرکوٹ سے 11-11، دادو سے 10، جیکب آباد اور شہید بے نظیر آباد سے 6-6، جامشورو سے 3، لاڑکانہ اور ٹنڈو الہ یار سے ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کمالیہ میں 10 سالہ بچے سے بدفعلی کرنے والا امام مسجد گرفتار، مقدمہ درج