اسلام آباد:اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے مریضوں کو طبی امداد اور گھر میں خود علاج کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیدیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیا نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کو ہسپتالوں میں اس وقت لایا جارہا ہے جب ان کی حالت تشویشناک ہو ورنہ اکثریت اپنے گھروں میں آئی سولیشن اور آکسیجن سلنڈر استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے تجوز دی کہ اہلخانہ اپنے مریضوں کا مستقل مشاہدہ کریں اور کسی مسئلے کی صورت میں کسی ڈاکٹر سے رجوع کریں، گھر پر آکسیجن کا بندوبست کرنا اور مریضوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنا بہتر ہے تاہم ہم تجویز کرتے ہیں کہ اگر صحت سے متعلق کوئی مسئلہ ہے تو مریض کو چیک کرنے کیلئے ایک ڈاکٹر کو بلایا جائے۔
بدقسمتی سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہسپتالوں میں تشویشناک حالت میں ہی مریضوں کو لایا جارہا ہے جس سے طبی عملے کے لیے انہیں بچانا بہت مشکل ثابت ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے مریضوں کا علاج خود کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
تجویز ہے کہ اگر مریض کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کیا جانا چاہیے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ ہم مشورہ دیتے ہیں کہ آکسیجن کا انتظام ہونے کے باوجود گھر میں آئیسولیشن میں جانے سے قبل کسی ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
علامات خراب ہوں تو ہسپتال جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم مریضوں کو تشویشناک حالت میں ہی داخل کر رہے ہیں کیونکہ مریض گھر میں ہی رہتے ہیں اور وہ طبی مدد نہیں لیتے ہیں۔