کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کرنے میں مکمل طور پر ناکام حکومت ایس او پیز کے نام پر شام 6 بجے دکانیں بند کرنے کے غیر دانشمندانہ فیصلے کی وجہ ملک کے شہری علاقوں میں شام 6 بجے تک بازاروں میں رش کا یہ عالم ہورہا ہے کہ لوگ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ بازاروں میں رش کے باعث شہری علاقوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کیا کورونا شام 6 بجے کے بعد حملہ آور ہوتا ہے جو 6 بجے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے؟
چھوٹے اسٹال لگانے والے تاجر اور انکے خاندان خدا نخواستہ کورونا سے کم اور بھوک اور افلاس سے زیادہ مر سکتے ہیں۔ حکمران عوام کو گمراہ کرکے صرف اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں۔
معیشت جو پہلے ہی تباہی کا شکار تھی اب منجمد ہوگئی ہے، اب تک ایک کروڑ سے اوپر لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، کروڑوں لوگ بھوک اور افلاس کی لپیٹ میں آگئے۔ لیکن مرکزی اور صوبائی حکومتیں اصل مسائل کی طرف توجہ دینے کے بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں وقت ضائع کررہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس کراچی میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔
عید سے پہلے تاجر قرضے پر مال اٹھا لیتے ہیں اور پھر سارا سال عید کے سیزن کا انتظار کرتے ہیں تاکہ انکے قرضے اتر سکیں۔انہو نے کہاکہ پی ایس پی عوام کی آواز ہے جسے دبانا کسی حکمران کے بس کی بات نہیں۔